
آر اے شمشاد
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ایونٹس میں پاک بھارت میچز نہ کرانے کی تجویز سامنے آئی ہے ۔
یہ تجویز انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف تجزیہ کار مائیک ایتھرٹن کی جانب سے پیش کی کی گئی ہے ۔ سابق انگلش کپتان کا کہنا ہے کہ آئندہ عالمی مقابلوں میں پاک بھارت میچز نہیں ہونے چاہئیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر میچز کھیل کے فروغ کے بجائے تنازعات بڑھانے کا باعث بنیں تو بہتر ہے کہ انہیں عالمی ایونٹس کے شیڈول سے خارج کر دیا جائے۔
مائیک ایتھرٹن کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلاشبہ دونوں ممالک کے درمیان میچز کا مالی اثر بہت زیادہ اور دونوں ممالک کے مابین میچ میں نشریاتی حقوق تین ارب ڈالر کے قریب پہنچ جاتے ہیں لیکن کھیل کا اصل مقصد سیاست اور نفرت نہیں ہونا چاہئے ۔مائیک ایتھرٹن کا کہنا تھا کہ کرکٹ ڈپلومیسی دونوں ممالک کے تعلقات میں بہترین کا باعث بنتی تھی تاہم اب ان میچز نے کشیدگی اور پروپیگنڈے کی شکل اختیار کرلی ہے جو کھیل کی روح کے منافی ہے ۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانیوالے میچز میں شامل ہوتے ہیں تاہم بھارت کی جانب سے ایشیا کپ میں مختلف تنازعات کے باعث کھیل کی اقدار کو پامال کیا گیا جس پر شائقین کی جانب سے سخت ردعمل بھی سامنے آیا ۔ کئی سابق کھلاڑیوں بشمول سابق بھارتی کپتانوں نے بھی بھارت کے اس رویہ پر تنقید کی ہے ۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی کپتان کی جانب سے ٹاس کے موقع پر مصافحہ سے گریز کرنے اور میچ کے بعد بغیر ہاتھ ملائے پویلین لوٹنے پر بھارت پر پہلے ہی تنقید کی جا رہی ہے وہیں ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کی جانب سے صدر اے سی سی محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے پر ایک بار بھارت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
دوسری جانب بھارت کی ویمنز ٹیم کی کپتان نے بھی گزشتہ روز پاکستان کے ساتھ میچ میں ٹاس کے موقع پر مصافحہ سے گریز کیا تھا ۔












