کراچی (پاک ترک نیوز )سندھ اسمبلی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے مطالبے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی قرارداد پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ رکن سندھ اسمبلی محمد اویس نے پیش کی، جس کی حکومتی ارکان نے بھی حمایت کی۔
قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی مہنگائی کے اثرات پورے معاشرے پر پڑ رہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کسی ایک طبقے کا نہیں بلکہ ہر پاکستانی کا مسئلہ ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ خلیج کی موجودہ صورتحال اور عالمی حالات پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کی وجوہات ہیں، تاہم وفاقی حکومت موجودہ حالات میں عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ نہ ڈالے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول پر سو روپے سے زائد لیوی وصول کرنا ایک بڑا المیہ ہے۔ موجودہ حالات میں پٹرولیم لیوی کو فی الحال ختم کیا جائے اور عوام پر روزانہ بڑھنے والا اضافی بوجھ فوری طور پر ختم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل کو امن کے نوبل انعام کیلئے نامزد کرنے کی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع
سینئر وزیر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھ رہے ہیں، جبکہ ڈیزل مہنگا ہونے سے کسان کی لاگتِ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ زرعی اجناس کی نقل و حمل مہنگی ہونے سے اس کا بوجھ بھی عوام کو برداشت کرنا پڑے گا۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی مہنگائی کے اثرات سبزیوں اور دیگر روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی منتقل ہوں گے، جبکہ موٹر سائیکل استعمال کرنے والے عام شہری بھی براہِ راست متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان ہیں، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات پر بھاری لیوی عائد کرنا عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔
سندھ اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد کے ذریعے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات کیے جائیں











