اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز سے صحافتی تنظیم پیما کے وفد نے ملاقات کی، جس میں نئے صوبوں، بلدیاتی انتخابات اور عوامی مسائل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ لازمی ہے، نئے صوبوں کا ملبہ اسٹیبلشمنٹ پر نہیں ڈالا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں بروقت بلدیاتی انتخابات کروا لیتیں تو نئے صوبوں کا مسئلہ نہ بنتا۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آئین میں ترمیم ضروری ہے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے ساتھ ہی ہونے چاہئیں، کمزور بلدیاتی نظام عوامی مسائل کا حل نہیں، بلکہ مضبوط بلدیاتی نظام ہی عوام کے مسائل حل کرسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی نے حکومت اور عوام کے درمیان دوریاں پیدا کر دی ہیں۔ وزیراعظم آفس میں بیٹھ کر عوامی مسائل کا حل نہیں ڈھونڈا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی ویمنز ایشیا کپ کا فائنل دیکھیں گے ،فاتح ٹیم کو ٹرافی دینگے
حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کے مسائل عوام کے درمیان بیٹھ کر ہی حل کیے جا سکتے ہیں، اور وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ملاقات کے دوران صحافتی برادری کو درپیش مسائل اور دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔












