لاہور( پاک ترک نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) نے پاکستان کے تاریخی شہر لاہور کو 2026-27 کے لیے سیاحتی اور ثقافتی دارالحکومت قرار دے دیا۔
یہ فیصلہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے 26ویں اجلاس میں کیا گیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔سیاحتی و ثقافتی دارالحکومت کا اعزاز 2022 سے ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان ہر سال باری باری دیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ایسے شہر کو اجاگر کرنا ہے جو متعلقہ ملک کے تاریخی ورثے، ثقافت اور سیاحتی اہمیت کی بھرپور نمائندگی کرتا ہو۔
پاکستان نے رواں برس ایس سی او کی صدارت سنبھالی ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی چیئرمین شپ کا موضوع ’’ویژن کو عمل میں بدلنا: رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘‘ قرار دیا ہے۔لاہور کو سیاحتی و ثقافتی دارالحکومت بنانے کا فیصلہ رواں سال اپریل میں بشکیک میں ایس سی او کے رکن ممالک کے سربراہانِ سیاحتی انتظامیہ کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔اس اعزاز کا مقصد ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان عوامی روابط، سیاحت اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ مستعفی
ایس سی او کے تحت اس سے قبل بھارت کا وارانسی، قازقستان کا الماتی، چین کا چنگ ڈاؤ اور کرغزستان کا چولپون آتا شہر سیاحتی و ثقافتی دارالحکومت رہ چکے ہیں۔لاہور کا انتخاب پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔











