واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) گوگل، مائیکروسافٹ، اینتھروپک اور اوپن اے آئی سمیت 100 بڑی کمپنیوں نے سائبر سکیورٹی مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کھلے خط پر دستخط کر دیے۔خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے ہونے والے سائبر حملے آنے والے مہینوں میں زیادہ عام اور پیچیدہ ہو سکتے ہیں، جبکہ موجودہ سکیورٹی نظام ان خطرات سے نمٹنے کے لیے کافی نہیں ہوں گے۔کمپنیوں نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ اسپتالوں، پانی کی فراہمی اور دیگر اہم تنصیبات کو جدید دفاعی مصنوعی ذہانت اور سکیورٹی ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کی جائے۔
خط میں اہم تنصیبات کی سائبر سکیورٹی کے لیے طویل عرصے سے جاری ناکافی سرمایہ کاری پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔یہ مطالبات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب حالیہ مہینوں میں امریکا کے سینیٹ، ناسا، فیڈرل ریزرو اور محکمہ انصاف سمیت اہم اداروں پر سائبر حملوں کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل میپس کا بڑا اپ ڈیٹ ، راستے پہلے سے زیادہ واضح دکھائی دیں گے
ٹیک کمپنیوں کے مطابق مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں میں تیزی سے اضافے کے باعث سائبر دفاع کو فوری طور پر مضبوط کرنا ہوگا، بصورت دیگر مستقبل میں بڑے پیمانے پر سائبر حملوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔












