لندن ( پاک ترک نیوز) لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف اپنی گرفت مضبوط کرلی، میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز بنا لیے ہیں اور پاکستان پر 261 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔ انگلینڈ آج اپنی دوسری اننگز 81 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کرے گا، جبکہ میچ کے تین روز کا کھیل ابھی باقی ہے۔
انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 290 رنز بنائے۔ اسمتھ 61 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جورڈن نے 55 جبکہ گس اٹکنسن نے 45 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی آخری وکٹ کی شراکت میں 47 قیمتی رنز بنے، گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے جوش ٹنگ نے ناقابلِ شکست 30 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 4 اور محمد علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب لیڈز کے بعد لارڈز میں بھی قومی بیٹرز ایک بار پھر ناکام ہوگئے اور پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ قومی ٹیم محض 37 اوورز ہی کھیل سکی۔کپتان بابر اعظم سمیت پاکستان کے 8 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ اذان اویس 46 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ سعود شکیل نے 16 رنز بنائے۔شان مسعود، علی عثمان اور خرم شہزاد ایک، ایک رن بنا سکے۔ عبداللہ شفیق 5، بابر اعظم 8، محمد رضوان 7 جبکہ محمد عباس 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلش بولرز نے پاکستان کو 20 اضافی رنز بھی دیے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف متفقہ قرارداد منظور
انگلینڈ کی جانب سے رابنس نے 4 اور جوفرا آرچر نے 3 وکٹیں حاصل کرکے پاکستانی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ امام الحق پنڈلی کی انجری کے باعث پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔












