اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے الوداعی ملاقات کی۔وزیراعظم نے سعودی سفیر کو پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور پاکستان و سعودی عرب کے گہرے برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کے استحکام کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت اور فراخدلانہ معاونت کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے اہم کردار کی تعریف بھی کی۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی، تعاون اور مہمان نوازی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کو یادگار اور خوشگوار تجربہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
سعودی سفیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سفیر کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔












