پیرس ( پاک ترک نیوز) ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیاندرو پیریڈس پر ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد میدان میں ہونے والی جھڑپوں میں کردار ادا کرنے پر 10 میچز کی پابندی عائد کردی گئی۔
فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی نے ارجنٹائن کے ایک اور کھلاڑی نہوئل مولینا کو بھی 7 میچز کے لیے معطل کردیا۔ارجنٹائن کو اپنے اگلے دو ہوم میچز 50 فیصد تماشائیوں کی گنجائش کے ساتھ کھیلنے کا حکم دیا گیا ہے، تاہم ان میں سے ایک میچ کی سزا معطل کردی گئی ہے۔ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر فیفا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر 3 لاکھ 21 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ جرمانے میں غیر کھیلوں سے متعلق مظاہروں کے لیے کھیلوں کے ایونٹ کے استعمال، ٹیم کے نامناسب رویے اور شائقین کی جانب سے امتیازی نعروں اور اشاروں کی سزائیں شامل ہیں۔
فیفا نے حکم دیا ہے کہ جرمانے میں سے ایک لاکھ ڈالر امتیازی سلوک کے خلاف اقدامات کے منصوبے پر خرچ کیے جائیں گے، جبکہ مزید ایک لاکھ ڈالر کا جرمانہ معطل رہے گا۔ورلڈ کپ سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دینے کے بعد ارجنٹائن کے بعض کھلاڑیوں نے فاک لینڈ جزائر پر ارجنٹائن کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والا بینر بھی لہرایا تھا۔فائنل کے بعد ہونے والی جھڑپوں میں پیریڈس نے اسپین کے ایرک گارشیا کا گلا پکڑا اور گوی کو زمین پر گرا دیا، جبکہ ان پر گوی کے چہرے پر مکے مارنے کا بھی الزام ہے۔پیریڈس اور مولینا کو پابندی کے ساتھ 90،90 ہزار ڈالر جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹیسٹ، انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو اننگز اور 103 رنز سے شکست
اسپین کے گوی کو بھی ایک میچ کی پابندی اور 30 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا سنائی گئی، جبکہ ارجنٹائن کے تھیاغو الماڈا کو بھی یہی سزا ملی۔ارجنٹائن کے کوچنگ اسٹاف کے رکن رابرٹو آیالا پر اسپین کے ڈینی اولمو کے چہرے پر ضرب لگانے کے باعث 3 میچز کی پابندی اور 30 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا۔فیفا کے مطابق پابندیوں کا اطلاق صرف بین الاقوامی میچز پر ہوگا۔
ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن نے سزاؤں کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ اپیل مسترد ہونے کی صورت میں معاملہ کھیلوں کی ثالثی عدالت سی اے ایس میں لے جانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔












