لاہور( پاک ترک نیوز) دنیا بھر میں چاندی کی پیداوار کے حوالے سے میکسیکو بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے، جہاں 2025 کے دوران 17 کروڑ 30 لاکھ اونس چاندی پیدا کی گئی، جو عالمی پیداوار کا تقریباً پانچواں حصہ بنتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پیرو 13 کروڑ 10 لاکھ اونس چاندی کی پیداوار کے ساتھ دوسرے جبکہ چین 11 کروڑ 30 لاکھ اونس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
شمالی اور جنوبی امریکا چاندی کی پیداوار میں دنیا کی قیادت کر رہے ہیں، جہاں بالترتیب 21 کروڑ 90 لاکھ اور 24 کروڑ 60 لاکھ اونس چاندی پیدا کی گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر مسلسل پانچویں سال چاندی کی طلب رسد سے زیادہ رہی، جس کے باعث مارکیٹ میں سپلائی کا خسارہ برقرار ہے۔ چاندی کی پیداوار چند بڑے ممالک تک محدود ہونے کی وجہ سے سپلائی میں رکاوٹوں کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چاندی نہ صرف قیمتی دھات کے طور پر اہمیت رکھتی ہے بلکہ صنعتی شعبوں میں بھی اس کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے، جس کے باعث مستقبل میں اس کی قیمتوں اور سرمایہ کاری کے مواقع میں مزید اضافہ متوقع ہے۔







