بیجنگ(پاک ترک نیوز)
پاکستان سے چین کو چاول کی برآمدات میں رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو چین کی اقتصادی پالیسیوں کے تحت تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور سپلائی چین کو متنوع بنانے کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی اے سی سی) کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی جانب سے چین کوسیمی ہولی ملڈ چاول کی برآمدات جنوری تا جون 2025 کی مدت میں 2 کروڑ 95 لاکھ 30 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ جبکہ برآمدات کا حجم 6 کروڑ 69 لاکھ 60 ہزار 601 کلوگرام ریکارڈ کیا گیا۔ یہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ایک غیر معمولی اضافہ ہے جب پاکستان سے چین کو چاول کی برآمدات کی مالیت تقریباً 52 لاکھ 30 ہزار ڈالر تھی۔












