پشاور(پاک ترک نیوز ) باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے اور کلاؤڈ برسٹ سے 16 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کےم طابق خیبرپختونخوا کے علاقہ باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے قریب واقعہ پیش آیا، جہاں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 16 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 10 بچے بھی شامل ہیں، متعدد گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ 7 افراد لاپتہ ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باجوڑ امجد خان کی نگرانی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔
کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے علاقے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی، راستہ بند ہونے سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی آبادی اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
مانسہرہ کے علاقے بسیاں میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ تین افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔
لوئر دیر میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، سوری پاؤ میں مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی، جبکہ دو زخمی ہیں، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے شامل ہیں جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ رات گئے بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی تھی، ملبے تلے 7 افراد دب گئے تھے، 2 زخمیوں کو تیمرگرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دریا پنجکوڑہ سمیت ندی نالوں میں طغیانی سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، سیلابی ریلے کے باعث اوڈیگرام رابطہ پل شدید متاثر ہوا، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، سیلابی پانی میں پھنسے 25 سیاحوں کو رات گئے ریسکیو کیا گیا۔












