اسلام آباد(پاک ترک نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی برآمدات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ملکی طلب و رسد، منڈیوں کی صورتِ حال اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی وافر دستیابی اور قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے تجارت میں سہولت فراہم کرنے اور برآمدات کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملکی ضروریات پوری ہونے کے بعد اضافی اشیائے ضروریہ کی برآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے اور مقامی منڈی میں دستیابی یا قیمتوں پر منفی اثرات نہ پڑیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کے خلاف درخواست پر سماعت آج ہوگی
اجلاس میں وفاقی وزیر خوراک، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی، طارق باجوہ، سیکرٹری تجارت، سیکرٹری قومی غذائی تحفظ سمیت وفاقی اور صوبائی حکام نے شرکت کی۔






