شارجہ ( پاک ترک نیوز ) متحدہ عرب امارات میں کھیلی جا رہی تین ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں آج پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں دوسری بار مد مقابل آئیں گی ۔پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ رات 8بجے شروع ہوگا ۔
شارجہ میں جاری سہ ملکی سیریز میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں آج چوتھے میچ میں ٹکرائیں گی ۔ دونوں ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں دوسری بار آمنا سامنا کر رہی ہیں ۔ پہلے افتتاحی میچ میں شاہینوں نے افغان ٹیم کو شکست سے دوچار کیا تھا ۔
پاکستان نے سہ ملکی سیریز میں اب تک دو میچز کھیلے ہیں اور شاہین ابھی تک ناقابل شکست رہی ہے ۔ آج کے میچ میں فتح کے ساتھ ہی قومی ٹیم فائنل کا ٹکٹ کٹوا سکتی ہے ۔
اس سے قبل پاکستان نے تین ملکی سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان کو جبکہ دوسرے میچ میں یو اے ای کو ہرایا تھا ۔
پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان ٹیم 4پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ افغانستان 2پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے ۔ تینوں ٹیموں نے اب تک 2،2میچز کھیلے ہیں ۔ یو اے ای واحد ٹیم ہے جو اب تک اس ٹورنامنٹ میں کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے ۔
اس کے بعد پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنا آخری لیگ میچ 4ستمبر جبکہ افغانستان اور یو اے ای کی ٹیمیں 5ستمبر کو مد مقابل آئیں گی ۔
واضح رہے کہ تین ملکی سیریز کا فائنل 7ستمبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا ۔












