تہران ( پاک ترک نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے کوئی تشویشناک بات نہیں، تاہم ان کی صحت کے معاملے کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج نے ایک رکن قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ ان کی آنکھ کی حالت بہتر ہے جبکہ بلڈ پریشر کے لیے دوا دی جا رہی ہے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے غیر ضروری تشویش پھیلانے کی ضرورت نہیں، طبی معائنے کے بعد ان کی حالت کے بارے میں صورتحال واضح ہے۔
خواجہ آصف نے اپنے ذاتی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی قید کے دوران علاج کے لیے سرکاری اسپتال لے جایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جیل میں کسی قیدی کو طبی ضرورت پیش آئے تو اسے علاج کی سہولت فراہم کرنا معمول کا عمل ہے، اس معاملے کو سیاسی تنازع بنانے کے بجائے حقائق کی بنیاد پر دیکھا جانا چاہیے۔












