جھل مگسی (پاک ترک نیوز )بلوچستان کے علاقے جھل مگسی میں دہشت گردی کے خلاف عوامی اتحاد اور امن کے قیام کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ نوابزادہ میر نادر علی مگسی کی قیادت میں منعقدہ جرگے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف متحد ہونے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مگسی امن فورس کے قیام کا اعلان کیا گیا۔جرگے میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ علاقے میں امن خراب کرنے کی کوششوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور عوام سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
بلوچستان اسمبلی کے رکن نوابزادہ زرین مگسی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جھل مگسی کے عوام کو متحد کرکے دہشت گرد عناصر کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ انہیں علاقے میں امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام اپنے امن، جان و مال اور روایات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گرد عناصر کی سرگرمیوں کے خلاف متحد رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی پاسدارانِ انقلاب کاآبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کا دعویٰ
نوابزادہ زرین مگسی کے مطابق، معصوم شہریوں کا قتل، لوٹ مار اور املاک کو نقصان پہنچانا بلوچ ثقافت اور روایات کا حصہ نہیں۔ انہوں نے دہشت گردی اور تشدد کے خلاف اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔












