راولپنڈی (پاک ترک نیوز )بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ دہشت گرد نوکچہ میں خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد فتنہ الہندوستان سے وابستہ تھے اور این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ اس سے قبل 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: آئرلینڈ اور زمبانوے کی ٹیموں کے دورہ پاکستان میں ردوبدل کا امکان
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پُرعزم ہیں۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے علاقے باڑہ میں بھی انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔












