مسقط ( پاک ترک نیوز) عمان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور جائیداد مالکان کو راغب کرنے کے لیے رہائشی قوانین میں بڑی نرمی کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے فیصلے کے تحت اہل غیر ملکی افراد اب مقامی اسپانسر کے بغیر ویزا اور رہائشی اجازت نامہ حاصل کر سکیں گے۔
عمان کی رائل پولیس کے مطابق غیر ملکیوں کی رہائش سے متعلق قوانین میں متعدد ترامیم کی گئی ہیں، جن کا مقصد سلطنت عمان کو طویل المدتی سرمایہ کاری اور رہائش کے لیے مزید پرکشش بنانا ہے۔
نئے ضوابط کے مطابق ترقیاتی مقاصد کے لیے مختص زمین یا رہائشی یونٹ خریدنے والے غیر ملکی شہری، حتیٰ کہ وہ جائیدادیں جن کی رجسٹریشن ابھی مکمل نہیں ہوئی، بھی رہائشی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
حکام کے مطابق اب غیر ملکی خریدار عمانی شہری یا کمپنی کی اسپانسرشپ کے بغیر متعلقہ سرکاری ادارے کی تصدیق کی بنیاد پر ویزا اور اقامہ حاصل کر سکیں گے۔ یہ سہولت جائیداد مالکان کے قریبی اہل خانہ اور کمپنیوں کے قانونی نمائندوں تک بھی توسیع دی گئی ہے۔
نئے قوانین کے تحت غیر رجسٹرڈ جائیداد سے منسلک ویزا چھ ماہ سے ایک سال تک کے لیے جاری کیا جا سکے گا اور اس کی تجدید بھی ممکن ہوگی۔ ایسے ویزا ہولڈرز ایک بار میں تین ماہ تک عمان میں قیام کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کم پیسوں میں شہریت فروخت کرنے والے ممالک
حکومت نے اونر ویزا کے حصول کے طریقہ کار کو بھی آسان بنا دیا ہے، جس کے تحت رہائشی یونٹس کے مالکان اور جائیداد رکھنے والی کمپنیوں کے مجاز نمائندے اسپانسر کے بغیر رہائش حاصل کر سکیں گے۔ تاہم ویزا جاری ہونے کے بعد درخواست گزار کو تین ماہ کے اندر عمان میں داخل ہونا ہوگا۔
ترامیم کے تحت اب خلیجی ممالک کے شہری، لائسنس یافتہ غیر ملکی سرمایہ کار، جائیداد مالکان اور سرکاری اداروں میں کام کرنے والے غیر ملکی ملازمین بھی اپنے اہل خانہ کی کفالت کر سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے قوانین سرمایہ کاروں کو مزید سہولت اور لچک فراہم کریں گے کیونکہ اب بعض غیر رجسٹرڈ جائیدادوں کی بنیاد پر بھی متعلقہ اداروں کی منظوری سے اقامہ حاصل کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ سرمایہ کاروں اور جائیداد مالکان کے زیر کفالت افراد کو عمر سے متعلق بعض شرائط میں بھی رعایت دی گئی ہے۔
تاہم نئے ضوابط میں ایک اہم شرط بھی رکھی گئی ہے۔ اگر جائیداد فروخت کر دی جائے یا کسی قانونی طریقے سے ملکیت منتقل ہو جائے تو جائیداد کی بنیاد پر حاصل کیا گیا اقامہ اور اس سے منسلک اہل خانہ کی رہائشی حیثیت خودکار طور پر ختم ہو جائے گی۔












