اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی اور کور کمیٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں سہیل آفریدی کی قیادت میں سندھ اسٹریٹ موومنٹ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ کمیٹی نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ اپنے آئینی حقوق کے لیے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی کی صحت پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے معاملے کی فوری سماعت کی اپیل کی۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرکے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔کور کمیٹی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ کور کمیٹی کے مطابق صوبوں میں تفریق پیدا کرنا قومی یکجہتی کے منافی ہے، پی ٹی آئی تمام صوبوں کو پاکستان کی یکساں اکائیاں سمجھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کا محسن نقوی کے ’سسٹم فیل‘ بیان پر قومی اسمبلی میں بحث کا مطالبہ
اجلاس میں کارکنوں کی گرفتاریوں اور انہیں ہراساں کرنے کی بھی مذمت کی گئی۔ پی ٹی آئی نے حماد اظہر کی گرفتاری کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔کور کمیٹی کا کہنا تھا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنا ناقابلِ قبول ہے، جبکہ ریاستی جبر سے پی ٹی آئی کارکنوں کا عزم کمزور نہیں ہوگا۔












