لندن(پاک ترک نیوز )قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے لارڈز ٹیسٹ کے بعد ٹیم میں ہونے والی بڑے پیمانے کی تبدیلیوں سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بھی دیگر لوگوں کی طرح ان فیصلوں کا علم نہیں تھا۔
پریس کانفرنس میں بابراعظم نے اعتراف کیا کہ ٹیسٹ ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی خبر ان کے لیے بھی نئی تھی۔ ان کے مطابق ٹیم میں تبدیلیاں ان کی معلومات، مشاورت یا منظوری کے بغیر کی گئیں۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے یقیناً کسی سوچ بچار کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا ہوگا، تاہم وہ خود بھی اس صورتحال سے بے خبر تھے۔
قومی ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ سیریز ہار چکے ہیں، اب ہمارے پاس کھونے کو کچھ نہیں، آخری میچ میں بطور ٹیم خود پر یقین رکھنا اور کھل کر کھیلنا ہوگا۔
بابراعظم نے ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بطور ٹیم ہم کھیل کے تینوں شعبوں میں اچھا پرفارم نہیں کرسکے اور مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین ممکنہ پلیئنگ الیون میدان میں اتاری، لیکن وہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے جن کی توقع کی جارہی تھی۔
بابراعظم نے کہا کہ جب نتائج آپ کے حق میں نہ ہوں تو باہر سے بہت زیادہ تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم ٹیم کو ماضی کی ناکامیوں کو بھلا کر مستقبل پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آخری میچ میں کھلاڑیوں کو دباؤ سے آزاد ہوکر کھیلنا ہوگا اور ٹیم کی حیثیت سے خود پر اعتماد بحال کرنا ہوگا۔












