بیجنگ (پاک ترک نیوز )چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کی ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان توانائی، دفاع اور اسلحہ معاہدوں سمیت اہم عالمی معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی
چینی صدر شی جن پنگ نے ایران سے متعلق جاری کشیدگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فوری اور جامع جنگ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ دوبارہ جنگ یا فوجی کارروائی شروع کرنا مزید خطرناک ہوگا جبکہ مذاکرات کا سلسلہ برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے،مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی غیر دانشمندانہ ہو گی۔چینی صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے سفارتی حل کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی قیادت کے درمیان توانائی تعاون، اسلحہ معاہدوں اور اقتصادی شراکت داری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور یوکرین کی جنگوں کے باعث روس اور چین کے تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، جبکہ دونوں ممالک عالمی سطح پر امریکا کے اثر و رسوخ کے مقابلے میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں۔












