کراچی (پاک ترک نیوز )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے مطالبے پر 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد بہترین انداز میں آگے بڑھ رہی ہے، حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، پشاور اور کراچی میں دھرنے آٹھویں روز میں داخل ہوچکے ہیں اور جماعت اسلامی اپنے شیڈول کے مطابق احتجاج جاری رکھے ہوئے ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سنجیدہ بات ہوگی تو مذاکرات کریں گے، تاہم پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک دھرنا جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن جماعت ہے، کسی کو تکلیف نہیں پہنچاتی، عوام کا پرامن طور پر سڑکوں پر رہنا ہی حکومت کے لیے عذاب بن جاتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مافیاز عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں، آئل اور چینی مافیا موجود ہیں جبکہ عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق عوامی احتجاج کے نتیجے میں ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے کمی کی گئی، جبکہ مافیاز امپورٹڈ ڈیزل کو لوکل ڈیزل کی لاگت پر عوام کو فروخت کرکے منافع کما رہے تھے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اور مافیاز کی ملی بھگت سے 7 لاکھ 65 ہزار ٹن چینی درآمد کی گئی، چینی بغیر ٹیکس کے درآمد ہونے کے باوجود مہنگی ہوگئی اور اب اضافی ذخیرے کو کم قیمت پر برآمد کیا جارہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آٹا اور چینی مافیا کی موجودگی میں ملک ترقی نہیں کرسکتا، کسانوں کو سستی کھاد دستیاب نہیں جبکہ عوام کے پیسوں سے سرکاری افسران بڑی بڑی گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔ حکمرانوں نے جنگی حالات میں بھی عوام پر پیٹرول بم گرائے اور عوام پر زبردستی بھتے عائد کیے جارہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی سے متعلق حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر انہیں علاج کے لیے ریلیف ملتا ہے تو حکومت کو عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی کو علاج کی مناسب سہولیات ملنی چاہئیں






