لاہور، اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) مون سون کے پانچواں سپیل کی انٹری ، لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارشیں ،متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ۔
اس سے قبل پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں بادل برسنے کی توقع ہے ۔
فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ملتان میں بھی بارشوں کا امکان ہے، مون سون بارشوں کا پانچواں سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہے گا۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پشاور سمیت صوبہ کے بیشتر میدانی اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں بارشوں کے باعث حادثات میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 8 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے، مون سون بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 279 ہوگئی جبکہ 676 افراد زخمی ہیں۔












