لاہور( پاک ترک نیوز) پنجاب میں ملکی تاریخ کی ای ٹیکسی سکیم کا افتتاح آج وزیراعلی مریم نواز کریں گی ۔ اسکیم کے پہلے مرحلے میں 1100الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جائیں گی ۔
خواتین کے لیے ای ٹیکسی اسکیم میں 30 فیصد کوٹہ مخصوص کیا گیا ہے جبکہ خواتین ڈرائیورز کی گاڑیوں کا رنگ بھی الگ رکھا جائے گا تاکہ انہیں نمایاں اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
حکومت پنجاب مرد ڈرائیوروں کیلئے 50 فیصد اور خواتین ڈرائیوروں کیلئے 60 فیصد ڈاؤن پیمنٹ ادا کرے گی، گاڑیوں کی رجسٹریشن، فٹنس ٹیسٹ اور ٹوکن ٹیکس فیس بھی حکومت پنجاب برداشت کرے گی، اسکیم کے تحت گاڑیوں کی قیمت پانچ سالہ آسان اقساط میں ادا کی جا سکے گی۔
ڈرائیورز اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ای ٹیکسی میں پینک بٹن نصب کیا جائے گا جو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی سے منسلک ہوگا۔ ای ٹیکسی گاڑیاں رائیڈ ہیلنگ پلیٹ فارمز اِن ڈرائیو اور یینگوکے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گی۔
عوامی مقامات پر گاڑیوں کی چارجنگ کے لیے فاسٹ چارجرز نصب کیے جائیں گے جبکہ ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔












