کراچی (پاک ترک نیوز )پاک بحریہ نے میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ساتھ بروقت اور مربوط ہنگامی کارروائی کرتے ہوئے اورماڑا کے قریب ڈوبتی کشتی سے عملے کے 20 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اورماڑہ کے مشرق میں ڈوبنے والی کشتی سے پاکستانی عملے کے ارکان بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا،جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر میں موصول ہنگامی اطلاع پر کارروائی کی گئی، پی این ایس حنین اور ضروری فضائی وسائل کو فوری کارروائی کے لیے روانہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کے باعث متاثرہ کشتی میں سوار تمام 20 افراد کو بچایا گیا ہے۔ ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔






