اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی یوم آزادی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو مبارکباد دی ہے ،وزیراعظم کا کہناہے پاکستان اس شاندار سنگِ میل کی خوشی میں امریکہ کے ساتھ شریک ہے اور آزادی، ثابت قدمی اور جمہوریت جیسی دیرپا اقدار کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا دونوں ممالک کے درمیان سات دہائیوں سے زائد پر محیط شراکت داری موجود ہے،اس شراکت داری کو پاکستانی نژاد امریکی برادری کی گراں قدر خدمات نے مزید مضبوط بنایا ہے۔تاریخ نے بارہا ثابت کیا ہے کہ جب بھی عالمی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوئے، پاکستان اور امریکہ اہم مواقع پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہم جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے صدر ٹرمپ کے اہم کردار کو تسلیم کرتے اور سراہتے ہیں،امریکی صدر کے کردار نے ایک ممکنہ تباہ کن جنگ کو روکنے میں مدد دی اور کروڑوں انسانی جانوں کو محفوظ بنانے میں کردار ادا کیا۔اسی طرح دنیا کے مختلف خطوں میں کئی بڑے تنازعات کے خاتمے کے لیے ان کی مسلسل کوششیں بھی قابلِ قدر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صدر آصف زرداری کی امریکی قیادت ،عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد
وزیراعظم نے کہا پاکستان، امریکا ایک روشن اور امید افزا مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں،پاکستان باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور تعمیری و باہمی مفید تعاون کی بنیاد پر امریکہ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے












