جدہ ( پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جدہ میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا اعلان کردیا۔ پی سی بی اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور انفرا اسٹرکچر کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے ۔
معاہدے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے دستخط کیے۔ ایم او یو کے مطابق جدہ میں ایک جدید بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔
ایم او یو کے مطابق دونوں ادارے کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی ترقی، آپریشنل معیارات، استعداد کار میں اضافے اور کھیل کے فروغ کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جو ئے روٹ ، کوئی مقابل نہیں دور دورتک
معاہدے کے تحت جدید اور مربوط کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے علاوہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ دونوں ممالک ایسی شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاک سعودی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائے گی۔
چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے کہا کہ پاک سعودی شراکت داری صرف کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ منصوبہ مملکت میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔












