لاہور( پاک ترک نیوز) ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں طے شدہ مذاکرات سے ایک روز قبل خواجہ آصف کا اسرائیل کے خلاف بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ جس نے اسرائیلی وزیرِاعظم آفس اور وزیرِ خارجہ کو بھی بیان جاری کرنے پر مجبور کردیا۔
خواجہ آصف نے اپنے بیان میں سیزفائر کے باوجود صیہونی ریاست کی لبنان میں جارحیت کو نسل کشی سے تعبیر کیا اور اسرائیل کو انسانیت کے نام پر دھبہ قرار دیا۔ تاہم یہ بیان اب ’ایکس‘ پر موجود نہیں ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے ’ایکس‘ پر ترک صدر کے خلاف بیان جاری کیا تو پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کو پھر خواجہ آصف کی یاد ستانے لگی۔
ایک صارف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ’خواجہ آصف کو نیتن یاہو کو جواب دینے سے نہ روکا جائے‘۔
پاکستان چوںکہ اسرائیل کو ریاست تسلیم نہیں کرتا اس لیے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں صرف امریکا اور ایران کے وفود شریک تھے۔
اس صورت حال کو بھی ایک صارف نے بالی ووڈ کی فلم کے ایک سین سے مشابہت دیتے ہوئے ایران امریکا کی بات چیت اور خواجہ آصف کو اسرائیل سے دور بھگاتے ہوئے دکھایا ہے۔
عبداللہ نامی اکاؤنٹ نے ایک شادی میں ہنگامے کی صورت حال کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مذاکرات میں خواجہ آصف موجود ہوتے تو صورت حال کچھ ایسی ہوسکتی ہے۔
ایک اور صارف نے خواجہ آصف کی مذاکرات میں عدم کے شرکت کو معروف گلوگار عطااللہ عیسیٰ خیلوی کے گانے کے بول کے ساتھ ملا کر ’مِیم‘ کی صورت میں شیئر کیا۔
جہازی نامی اکاؤنٹ نے بھی بالی ووڈ کی فلم میں ہیرو اور ولن کے درمیان ہونے والے دلچسپ مکالمے کو خواجہ آصف اور اسرائیلی حکام کے بیانات سے تعبیر کیا اور کہا کہ دونوں جانب سے ہر کچھ دن بعد ایسی ہی صورت حال بن جاتی ہے۔












