اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 59ویں برسی ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے تحریکِ پاکستان اور قومی تعمیر میں مادرِ ملت کی بے مثال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
محترمہ فاطمہ جناحؒ 31 جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ اپنی زندگی برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق، تحریکِ آزادی اور بعد ازاں پاکستان کی خدمت کے لیے وقف کر دی ۔ تحریکِ پاکستان کے دوران انہوں نے اپنے بھائی قائداعظم محمد علی جناحؒ کے شانہ بشانہ اہم کردار ادا کیا ۔گراں قدر خدمات کے اعتراف میں قوم نے انہیں ’’مادرِ ملت‘‘ کا خطاب دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کروشیا کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان ،اسحاق ڈار سے ملاقات
قیامِ پاکستان کے بعد بھی محترمہ فاطمہ جناحؒ نے جمہوریت، آئین کی بالادستی، عوامی حقوق اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھی۔ انہیں پاکستان کی تاریخ کی بااثر ترین خواتین رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔
محترمہ فاطمہ جناحؒ 9 جولائی 1967 کو 73 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئیں۔ انہیں مزارِ قائد کے احاطے میں اپنے بھائی قائداعظم محمد علی جناحؒ کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔






