اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان فری لانسنگ کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے، نوجوان ملک کی سب سے بڑی معاشی قوت بن سکتے ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا زیادہ تر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، حکومت کی توجہ نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت دینے پر مرکوز ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمارا اصل مسئلہ نتائج کے حوالے سے نطم و ضبط کی کمی ہے، ہم 24 کروڑ آبادی پر مشتمل ایک قوم ہیں، سالانہ شرح نمو 2.5 فیصد ہے، غربت کے خاتمے کیلئے پائیدار معاشی بہتری کی طرف بڑھنا بہت ضروری ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مقصد یہ تھا کہ پاکستان کا سوشل امپیکٹ فنانسنگ فریم ورک مشترکہ طور پر تشکیل دیا جاسکے، یہ فریم ورک محض ایک پالیسی بیان نہیں بلکہ ایک مالیاتی ڈھانچہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس آئی بی میں خاص طور پر نوجوان خواتین پر توجہ دی جا رہی ہے، نیوٹیک اور ابتدائی اسٹیئر کوڈیل ٹیم کو اس تاریخی اجراء پر مبارکباد دیتا ہوں، آئندہ مراحل میں مزید نتائج پر مبنی فنڈنگ کریں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کی جانب بڑھیں۔












