دبئی : (پاک ترک نیوز)ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بنگلادیش کی جانب سے اپنے میچز بھارت سے باہر منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے اور ٹیم کو طے شدہ شیڈول کے مطابق بھارت میں ہی میچز کھیلنے کی ہدایت کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے حالیہ حالات اور ممکنہ سیکیورٹی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کیے جائیں، تاہم آئی سی سی نے اس مؤقف کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ آئی سی سی نے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر بنگلادیش نے بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کیا تو اسے پوائنٹس کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب بنگلادیشی میڈیا اور نجی ٹی وی چینلز نے کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے تاحال کسی قسم کا باضابطہ الٹی میٹم موصول نہیں ہوا۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف ہے کہ ٹیم کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی فیصلے سے قبل حالات کا مکمل جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آصف اکبر نے واضح بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ صورتحال میں بنگلادیشی ٹیم کسی صورت بھارت جا کر ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے تیار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ممکنہ خطرات لاحق ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔یاد رہے کہ حال ہی میں آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز نے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو مبینہ دھمکیوں کے بعد لیگ سے باہر کر دیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے کرکٹ حلقوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اسی تناظر میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس کے بعد ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔اب دیکھنا یہ ہے کہ آئی سی سی اور بنگلادیش کے درمیان جاری یہ تنازع ٹی 20 ورلڈ کپ کے شیڈول اور انتظامات پر کیا اثر ڈالتا ہے۔












