لاہور( پاک ترک نیوز) گاڑی جتنی چھوٹی، ڈیزائن اتنا ہی منفرد! چین کی معروف کمپنی بی وائی ڈی نے ایک ایسی دو دروازوں والی چھوٹی گاڑی کا ڈیزائن پیٹنٹ کرایا ہے جو اپنی غیر معمولی ساخت کی وجہ سے توجہ حاصل کر رہی ہے۔ اس گاڑی کے ڈیزائن میں آڈی اور لیمبورگینی جیسے عالمی برانڈز کے ساتھ کام کرنے والے معروف ڈیزائنر بھی شامل ہیں۔ کیا یہ چھوٹی گاڑی مستقبل میں شہری سفری ضروریات کا نیا جواب بن سکتی ہے؟ دیکھیے یہ رپورٹ!
گاڑیوں کی دنیا میں ایک نئی ہلچل! چین کی بڑی برقی گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی نے دو دروازوں والی انتہائی چھوٹی گاڑی کا نیا ڈیزائن پیٹنٹ رجسٹر کرا لیا ہے۔یہ گاڑی عام گاڑیوں سے بالکل مختلف دکھائی دیتی ہے۔ اس کے اگلے حصے میں ایک روشن پٹی پوری چوڑائی میں پھیلی ہوئی ہے، جبکہ اگلے اور پچھلے حصے کا ڈیزائن ایسا بنایا گیا ہے جیسے گاڑی مسکرا رہی ہو۔گاڑی کی ساخت مختصر، زمین سے نسبتاً قریب اور شہری سڑکوں پر سفر کے لیے موزوں دکھائی دیتی ہے۔ دو دروازوں پر مشتمل یہ چھوٹی گاڑی کم جگہ میں پارکنگ اور روزمرہ آمدورفت کے لیے ایک نیا انتخاب بن سکتی ہے۔
لیکن اس گاڑی کی سب سے دلچسپ بات اس کا ڈیزائنر ہے!اس منصوبے میں بی وائی ڈی کے چیف ڈیزائنر وولف گینگ ایگر بھی شامل ہیں، جو ماضی میں آڈی گروپ کے ڈیزائن شعبے کے سربراہ رہ چکے ہیں اور آڈی سمیت لیمبورگینی کے ڈیزائن کے معاملات سے بھی وابستہ رہے ہیں۔وہ 2017 میں بی وائی ڈی کا حصہ بنے اور کمپنی کی مشہور برقی گاڑی سیگل اور ہان کے ڈیزائن میں بھی اہم کردار ادا کیا۔یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب بی وائی ڈی اپنی نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی پیداوار ایک کروڑ نوے لاکھ تک پہنچانے کا سنگ میل بھی عبور کر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملہ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا اظہارِ افسوس
کمپنی اس سے پہلے جاپان میں ریکو نامی چھوٹی گاڑی بھی متعارف کرا چکی ہے۔ نئی گاڑی کو ممکنہ طور پر کمپنی کے ڈائنسٹی سلسلے کا حصہ بنانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ نئی گاڑی کب تیار ہوگی، اس کی قیمت کیا ہوگی، کتنی رفتار سے چلے گی یا ایک مرتبہ چارج کرنے پر کتنا فاصلہ طے کرے گی۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا مستقبل کی گاڑیوں کی دنیا میں بڑی اور مہنگی گاڑیوں کے ساتھ چھوٹی، خوبصورت اور جدید برقی گاڑیاں بھی اپنی جگہ بنائیں گی؟ بی وائی ڈی کا یہ نیا ڈیزائن اسی بدلتی ہوئی سوچ کی ایک جھلک ضرور پیش کرتا ہے۔ البتہ فی الحال یہ صرف ایک پیٹنٹ ڈیزائن ہے، اس کی تیاری اور فروخت کا اعلان ہونا باقی ہے۔












