واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ایک بار پھر فوجی کارروائی کا اشارہ دے دیا ،کہتے ہیں امریکا جلد ہی ایران پر مزید حملے کر سکتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا امریکا نے ایران کو پہلے ہی بری طرح نشانہ بنایا ہے اور حالات کے پیشِ نظر مزید کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کو کسی بھی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اس سخت پالیسی اور جنگی اقدامات کی ایک سیاسی و معاشی قیمت چکانا پڑتی ہے جس کا انہیں آغاز سے ہی اندازہ تھا، لیکن یہ قدم اٹھانا ناگزیر تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کے خلاف یہ کارروائی سابقہ امریکی صدور کو بہت پہلے کر دینی چاہیے تھی۔
دوسری جانب، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے ایران پر الزام عائد کیا کہ ایران امریکی مڈ ٹرمپ انتخابات سے قبل جان بوجھ کر تیل کی قیمتیں بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایران آبنائے ہرمز میں حملوں اور بارودی سرنگوں کے جھوٹے واقعات اور دعوے گھڑ رہا ہے، جبکہ حقیقت میں آبنائے ہرمز سے اس وقت تیل کی ترسیل تنازع شروع ہونے سے پہلے کے مقابلے میں بھی زیادہ ہو رہی ہے۔ٹرمپ نے اپنے بیان میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران میں گزشتہ سات ماہ کے دوران 75 ہزار سے زائد مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں۔
دریں اثنا، امریکی میڈیا کی رپورٹس میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر انتخابات کے بعد ایران پر نئے حملوں کا باقاعدہ منصوبہ تیار کر لیا ہے۔












