دوحہ ( پاک ترک نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دوحہ میں قطر کے وزیر داخلہ اور داخلی سلامتی فورس کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ملاقات ہوئی، جس میں داخلی سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے سکیورٹی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان تعاون مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر خطے کی موجودہ صورت حال اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے علاقائی ممالک سے بنیادی اختلافات نہیں، مسائل مذاکرات سے حل کرنے کو تیار ہیں، مسعود پزشکیان
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور قطر علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے داخلی سلامتی کے شعبے میں باہمی تعاون اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔قطری وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور قطر داخلی سلامتی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور سکیورٹی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔












