اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کرلیا، پسِ پردہ رابطے دوبارہ تیز ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات دوبارہ بحال کرنے کے لیے غیر رسمی رابطوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا گیا، جس کے بعد پی ٹی آئی نے اندرونی مشاورت شروع کردی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مشاورتی اجلاس میں حکومتی رابطے اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا گیا اور انہیں اسلام آباد کی صورتحال اور حکومت کے ساتھ ہونے والے رابطوں سے آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے تجویز دی کہ کسی بھی حتمی فیصلے سے پہلے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی جائے۔
پی ٹی آئی نے معاملے پر مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے بیرسٹر گوہر کے علاوہ پی ٹی آئی کے بعض دیگر رہنماؤں سے بھی رابطے کیے گئے ہیں۔
ادھر بیرسٹر گوہر نے بھی آج کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی میز سے نہیں اٹھنا چاہیے تھا اور سیاسی معاملات کا حل بات چیت سے نکالا جانا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان پسِ پردہ رابطوں کا نیا دور آئندہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔











