ریاض ( پاک ترک نیوز) سعودی عرب نے 2034 فیفا ورلڈ کپ کے لیے نیوم میں مجوزہ 2.5 ارب ڈالر مالیت کے اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ عارضی طور پر روک دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق 46 ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والا یہ جدید اسٹیڈیم زمین سے تقریباً 350 میٹر بلند تعمیر کیا جانا تھا اور اسے نیوم کے مرکزی منصوبے دی لائن کے اندر بنایا جانا تھا۔تعمیراتی منصوبوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے میڈ پراجیکٹس نے اس منصوبے کو ’’روکا ہوا‘‘ قرار دیا ہے، تاہم دوبارہ کام شروع کرنے کی کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔
سعودی عرب نے 2024 میں 2034 ورلڈ کپ کے لیے اپنے منصوبے میں پانچ شہروں میں 15 مجوزہ اسٹیڈیمز شامل کیے تھے، جن میں نیوم کا یہ منفرد اسٹیڈیم بھی شامل تھا۔دسمبر 2024 میں فیفا نے سعودی عرب کو 2034 ورلڈ کپ کی میزبانی دی تھی۔ یہ 48 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ ہوگا اور پہلی مرتبہ مکمل طور پر ایک ہی ملک میں منعقد ہوگا۔رپورٹ کے مطابق نیوم کے منصوبوں میں تاخیر سے دی لائن سمیت سعودی عرب کے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ سعودی خودمختار دولت فنڈ کے گورنر یاسر الرمیان نے اپریل میں کہا تھا کہ 2030 سے پہلے دی لائن اب ترجیحی منصوبہ نہیں رہا، تاہم انہوں نے کسی منصوبے کی منسوخی کی تصدیق نہیں کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے نیوم میں 2.5 ارب ڈالر کا ورلڈ کپ اسٹیڈیم منصوبہ روک دیا
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کا خودمختار دولت فنڈ بعض مہنگے بڑے ترقیاتی منصوبوں سے توجہ ہٹا کر ایسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے جن سے نسبتاً جلد مالی فوائد حاصل ہوسکیں۔












