واشنگٹن (پاک ترک نیوز )امریکی فوج میں اعلیٰ سطح پر ایک اور اہم تبدیلی سامنے آگئی، سیکرٹری آف دی آرمی ڈین ڈرسکول نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق ڈین ڈرسکول اور امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے درمیان طویل عرصے سے پالیسی معاملات پر شدید اختلافات جاری تھے، جن کے بعد ڈرسکول کے استعفے نے امریکی دفاعی قیادت میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ڈین ڈرسکول کو امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا قریبی دوست اور سیاسی ساتھی بھی سمجھا جاتا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے ڈرسکول کے استعفے کی باضابطہ تصدیق تو کر دی ہے، تاہم استعفے کی کوئی مخصوص وجہ بیان نہیں کی گئی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی محکمہ دفاع میں اعلیٰ عسکری عہدیداروں کی اچانک تبدیلیاں پہلے ہی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
اس سے قبل اپریل میں وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے آرمی چیف جنرل رینڈی جارج کو بھی اچانک عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
جبکہ یورپ اور افریقا میں امریکی کمانڈر جنرل کرسٹوفر ڈوناہیو بھی جون میں غیر متوقع طور پر مستعفی ہو چکے ہیں۔






