لاہور( پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈیرہ غازی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں احمد خان لغاری، علی احمد لغاری، اسامہ عبدالکریم، حنیف پتافی، اسامہ لغاری اور صلاح الدین خان شامل تھے۔ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو کامیاب دورہ چین پر مبارکباد پیش کی اور ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبس سروس شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ ڈی جی خان میں الیکٹروبس سروس گیم چینجر منصوبہ ہے اور علاقے کے عوام اس سروس کے اجرا پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ممنون ہیں۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی مؤثر پالیسیوں کے باعث ڈیرہ غازی خان میں امن و امان کی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے، جبکہ کچے کے علاقے میں پہلی بار امن و امان میں بہتری پنجاب میں گڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی دنیا کا ہب بنانا ہے۔ پنجاب میں بھی جلد چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کی تشخیص کے لیے جدید طریقہ علاج متعارف کرایا جا رہا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں عوام کو الیکٹروبسوں پر سفر کرتے دیکھ کر انہیں بہت خوشی ہوتی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار لاہور کی طرز پر پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر شہروں میں سڑکوں، ڈرینج، واٹر سپلائی اور بیوٹی فکیشن کے منصوبے جاری ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو بہتر سفری سہولیات اور بنیادی شہری خدمات کی فراہمی ہے۔












