لاہور( پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نئی تعمیر یا مرمت کی گئی سڑکوں کی کھدائی اور کسی بھی قسم کے نقصان پر پابندی عائد کردی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مختلف محکمے ترقیاتی کاموں میں باہمی رابطہ یقینی بنائیں تاکہ ایک ہی سڑک کو بار بار کھودنے کی نوبت نہ آئے۔
ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے ہدایت کی کہ مین ہولز اور سیوریج کورز سڑک کی سطح کے برابر رکھے جائیں، جبکہ ہر نئی سڑک پر معیاری نکاسی آب، سائن بورڈز اور لین مارکنگ بھی یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ نے دکانداروں سے کسی بھی قسم کے چارجز کی پیشگی منظوری کے بغیر وصولی پر بھی پابندی عائد کردی اور تمام ترقیاتی منصوبوں کے لیے الگ الگ ٹائم لائنز مقرر کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں لاہور، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، راولپنڈی اور فیصل آباد سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں اون سورس ریونیو کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی۔لاہور میں 10 سڑکوں کی خوبصورتی کے منصوبوں کی منظوری دی گئی، جن میں ایجرٹن روڈ، لٹن روڈ، ڈیوس روڈ، لوئر مال، لارنس روڈ، کوئینز روڈ اور بینک روڈ شامل ہیں۔ لکشمی چوک کی تزئین و آرائش جبکہ میٹرو ٹریک اور ستونوں پر آرٹ ورک بھی کیا جائے گا۔مریم نواز نے ملتان روڈ پر اورنج لائن ٹریک کی صفائی، شجرکاری اور میورل پینٹنگ کے ذریعے خوبصورتی کی بھی ہدایت کی۔ لاہور کے مضافاتی علاقوں میں دیہی سڑکوں کی تعمیر و کشادگی کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا سنکیانگ میں معروف چینی ڈیری کمپنی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ
اجلاس میں قصور، شیخوپورہ، ملتان، وہاڑی، لودھراں، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، راولپنڈی، اٹک، مری، جہلم اور چکوال میں بھی متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔منصوبوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، کشادگی، سیوریج، نکاسی آب، سولر اسٹریٹ لائٹس، پارکس، کھیلوں کی سہولیات اور شہروں کی خوبصورتی کے مختلف منصوبے شامل ہیں۔











