کراچی ( پاک ترک نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ادارے کی کارکردگی، اصلاحات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے ایس ایس جی سی ایل بورڈ کو ادارے کی پائیداری مزید مضبوط بنانے اور انتظامی چیلنجز دور کرنے کی ہدایت کی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ گیس سبسڈی کے موجودہ نظام اور قیمتوں کے سلیب پر نظرثانی کی ضرورت ہے، جبکہ تمام صارفین کے لیے منصفانہ اور یکساں گیس قیمت کی جانب منتقلی ضروری ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کمزور طبقات کو ٹارگٹڈ سماجی تحفظ کے پروگرامز کے ذریعے تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایس ایس جی سی ایل کے گیس ڈسٹری بیوشن سسٹم میں نمایاں بہتری آئی ہے اور یو ایف جی میں 57 فیصد کمی ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق کے الیکٹرک، صنعتی صارفین اور فرٹیلائزر پلانٹس کے لیے گیس لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، جبکہ گھریلو صارفین کو دن میں تین مرتبہ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر نے بلوچستان میں گیس فراہمی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گیس چوری، تکنیکی مسائل اور انفراسٹرکچر کی رکاوٹوں کا خاتمہ ضروری ہے۔علی پرویز ملک نے ایس ایس جی سی ایل بورڈ پر زور دیا کہ آپریشنل کارکردگی، ریونیو ریکوری اور وسائل کے بہتر استعمال پر توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس چوری اور نقصانات میں کمی ایس ایس جی سی ایل کی مالی پائیداری کے لیے ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی الوداعی ملاقات
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک سال سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا اور گیس سرکلر ڈیٹ میں اضافے کو تقریباً روک دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عالمی بینک کے تعاون سے گیس سیکٹر میں جامع اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔











