لاہور( پاک ترک نیوز) پنجاب یونیورسٹی ٹاؤن تھری میں پلاٹوں کی فراہمی میں 10 سالہ تاخیر اور 6 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے معاملے پر پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے نوٹس لے لیا۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے ٹاؤن تھری میں پلاٹوں کی فراہمی میں تاخیر کا نوٹس لے لیا، اور معاملہ 3 ماہ میں حل کرنے کا اعلان کردیا۔رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ عمر بھر کی کمائی ٹاؤن تھری میں لگانے والے متاثرین کو مزید پلاٹ سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ معلوم کیا جائے گا کہ 10 سال گزرنے کے باوجود ٹاؤن تھری کے متاثرین کو پلاٹ کیوں نہیں مل سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ساری زندگی محنت کرکے ٹاؤن تھری میں سرمایہ کاری کی، ان کی کمائی کا تحفظ کیا جائے گا۔رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ جن افراد کی وجہ سے متاثرین کو گزشتہ 10 سال سے کرایے ادا کرنے پڑ رہے ہیں، انہیں سزا دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل داخلوں کا انٹری ٹیسٹ 25 اکتوبر کو ہوگا
انہوں نے کہا کہ ٹاؤن تھری کے ذمہ دار اور مبینہ ملزمان کو سامنے لایا جائے گا۔ٹاؤن تھری میں پلاٹوں کی عدم فراہمی کے باعث متاثرین طویل عرصے سے اپنے گھروں کے منتظر ہیں، جبکہ معاملے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور 6 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔












