اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل سے 28 اگست 2026 تک برطانیہ کا سرکاری دورہ کریں گے، جس دوران وہ برطانوی قیادت اور اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار دورے کے دوران برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ اور برطانیہ کے لیے ایف سی ڈی او کے وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سے ملاقات کریں گے، جبکہ برطانوی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
نائب وزیراعظم انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں آئل ٹینکر ایم ٹی آنر 25 پر صومالی بحری قزاقوں کے زیرِ حراست پاکستانی عملے کے معاملے سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوگی۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار دولتِ مشترکہ کی سیکریٹری جنرل شرلی آیورکور بوچوی سے بھی ملاقات کریں گے، جبکہ برطانوی ارکان پارلیمنٹ اور برطانیہ میں پاکستانی نژاد کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کا اہم موقع ثابت ہوگا۔












