اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وفاقی حکومت نے تمام تعلیمی بورڈز کے میٹرک پوزیشن ہولڈرز کیلئے ترکیہ دورے کے پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے اشتراک سے یہ پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے، جس کے تحت میٹرک پوزیشن ہولڈرز سرکاری پاسپورٹس پر ترکیہ کا سفر کریں گے۔
آئی بی سی سی کے نوٹیفکیشن کے مطابق اس پروگرام میں شامل طلبہ کو چند شرائط پوری کرنا ہوں گی، جن میں کسی سرکاری ہسپتال سے میڈیکل فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا، والدین یا سرپرست کا تحریری اجازت نامہ، دو عدد سفید شلوار قمیض کے جوڑے اور جوتے ساتھ رکھنا شامل ہے۔
وزارت کی جانب سے طلبہ کو سبز بلیزر فراہم کی جائے گی، ہر طالب علم کو صرف ایک شولڈر بیگ لے جانے کی اجازت ہوگی، جبکہ لیپ ٹاپ، کیمرے اور دیگر الیکٹرانک آلات سختی سے منع ہوں گے، والدین یا سرپرست کا ہنگامی رابطہ نمبر دینا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
آئی بی سی سی کے مطابق طلباء کی سہولت کے لیے متعلقہ بورڈز پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی فراہم کریں گے، تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت دی گئی ہے کہ منتخب طلباء کے پاسپورٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات 19 ستمبر 2025 تک آئی بی سی سی سیکریٹریٹ اسلام آباد بھجوا دی جائیں تاکہ ترکیہ کے حکام کے ساتھ بروقت کارروائی اور ہم آہنگی ممکن ہو سکے۔
تمام بورڈز کے چیئرمین اس پروگرام کی نگرانی اور طلباء کو رسمی کارروائی مکمل کرنے میں مدد فراہم کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ پروگرام خوش اسلوبی سے آگے بڑھے، ان انتظامات کے ساتھ، ترکیہ کا یہ دورہ پاکستان کے میٹرک پوزیشن ہولڈرز کے لیے ایک یادگار اور مفید تجربہ ثابت ہوگا۔












