غزہ(پاک ترک نیوز )غزہ میں شدید بارشوں کے دوران بے گھر فلسطینی خاندانوں پر ایک اور قیامت ٹوٹ پڑی، خیموں پر مٹی کا تودہ گرنے سے تین بچوں سمیت چار افراد شہید جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق حادثہ اتوار کی شب وسطی غزہ میں بے گھر خاندانوں کے لیے قائم ایک کیمپ میں پیش آیا۔ شہید ہونے والوں میں دو بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں، جبکہ امدادی کارکنوں نے ملبے سے پانچ زخمیوں کو بھی نکال لیا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں مقامی افراد اور امدادی کارکنوں کو موبائل فون کی روشنی میں ریت، چٹانوں اور گرے ہوئے خیموں کے نیچے دبے افراد کو تلاش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
غزہ کے محکمہ شہری دفاع نے واقعے کو انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے عالمی اداروں سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بے گھر خاندانوں کے خیموں کو ریتلے علاقوں، ڈھلوانوں اور مٹی کھسکنے کے خطرے سے دوچار مقامات سے منتقل کرنے کے لیے محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جائیں۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز آنے والی طوفانی بارشوں کے باعث غزہ بھر میں ہزاروں خیمے زیر آب آگئے تھے۔ شہری دفاع کے مطابق بعض علاقوں میں پانی کی سطح پانچ فٹ تک بلند ہوگئی، جبکہ امدادی اداروں کو موصول ہونے والی 21 سو ہنگامی کالز میں سے صرف دس فیصد پر کارروائی ممکن ہوسکی۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ کی تقریباً 80 فیصد عمارتیں تباہ یا متاثر ہوچکی ہیں۔ 19 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں، جبکہ 12 لاکھ افراد خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اکتوبر 2025 میں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں انسانی بحران بدستور سنگین ہے اور اسرائیلی حملوں و دیگر کارروائیوں کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔












