اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری جی ٹین میں مرحومہ طالبہ لائبہ اعجاز کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کی، فاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے لائبہ اعجاز کیس میں ہونے والی پیش رفت سے اہل خانہ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیس میں پوری ٹیم نے دن رات محنت کی، اہل خانہ سے کیا گیا وعدہ پورا کرنا ان کا فرض تھا۔
لائبہ اعجاز کے والد نے وزیراعظم پاکستان اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، یہ سنا تھا، لیکن آج ہمیں اس بات کا یقین ہو گیا ہے۔
اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔












