لاہور(پاک ترک نیوز )لاہور ہائیکورٹ میں لاہور کے مال روڈ پر جماعت اسلامی کے دھرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت آج ہوگی۔ جسٹس احمد ندیم ارشد شہری نسیم اختر کی درخواست پر سماعت کریں گے۔
عدالت نے درخواست پر فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ درخواست میں محکمہ داخلہ، آئی جی پنجاب سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جماعت اسلامی نے مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دے رکھا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ مرکزی شاہراہ پر دھرنے کے باعث ایمبولینسوں کو گزرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جبکہ پٹرول مہنگا ہونے کے باوجود شہریوں کی گاڑیاں ٹریفک جام میں کھڑی رہنے پر مجبور ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق کئی روز سے جاری دھرنا ختم کرانے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے، جبکہ پولیس سمیت دیگر متعلقہ ادارے اپنا قانونی اور آئینی فرض ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ حکومتی اداروں کو مال روڈ سے راستہ کلیئر کرانے کا حکم دیا جائے اور متعلقہ اداروں سے 24 گھنٹوں میں معاملے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی جائے۔












