لاہور (پاک ترک نیوز )لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔جسٹس فاروق حیدر نے کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے معاملہ مزید سماعت کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس ارسال کردیا۔درخواست گزار شیخ امتیاز کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ بغیر کسی قانونی جواز کے پورے صوبے میں پابندی عائد کرنا غیر قانونی ہے۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ ایم پی او کے تحت نظربندیاں اور موبائل و انٹرنیٹ سروس کی ممکنہ بندش بھی غیر قانونی اقدام ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت دفعہ 144 کے نفاذ سے متعلق تحریری احکامات، سیکیورٹی جائزے اور کابینہ کے فیصلوں کی تفصیلات طلب کرے۔درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ حتمی فیصلے تک دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن فوری طور پر معطل کیا جائے اور پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر عائد پابندی کو کالعدم قرار دیا جائے۔











