تہران ( پاک ترک نیوز) ایرانی وزیرِ پیٹرولیم محسن پاک نژاد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق محسن پاک نژاد نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر استعفیٰ دیا، جو ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ان کے اصرار کے بعد منظور کرلیا۔ایرانی صدر کے دفتر کے نائب سربراہ برائے مواصلات مہدی طباطبائی کے مطابق محسن پاک نژاد نے اپنا استعفیٰ کافی عرصہ پہلے پیش کیا تھا، تاہم صدر نے اب اسے قبول کیا ہے۔مہدی طباطبائی نے بتایا کہ حامد بُوَرد کو وزارتِ پیٹرولیم کے امور کی نگرانی کے لیے قائم مقام وزیر مقرر کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تھر کول بلاک ٹو میں کان کنی کے فیز تھری کا افتتاح آج ہوگا
محسن پاک نژاد کا استعفیٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران کو امریکا کی جانب سے سخت اقتصادی پابندیوں کا سامنا ہے، جن میں ایرانی تیل کے شعبے کو بھی خاص طور پر ہدف بنایا گیا ہے۔حامد بُوَرد اس سے قبل نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا بیشتر حصہ تیل کے شعبے اور تیل کے میدانوں میں آپریشنز سے وابستہ رہتے ہوئے گزارا ہے۔












