تہران(پاک ترک نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ دنیا میں امن و استحکام کی بنیاد مشرق وسطی سے ہی پڑے گی ۔
تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں، تاہم کسی بھی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی وہ جنگ چاہتا ہے، تاہم اگر کسی جانب سے جارحیت کی گئی تو ایران اپنی پوری طاقت کے ساتھ اس کا مقابلہ کرے گا۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایک مضبوط عزم رکھنے والی قوم کو کوئی طاقت ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کرسکتی۔ ان کے مطابق ایران دھمکیوں کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ اور اسرائیل میں علاقائی اثر و رسوخ کی دوڑ، کشیدگی میں اضافہ
ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون اور باہمی اعتماد ضروری ہے۔ ان کے مطابق خطے کے ممالک کو اپنی سلامتی اور مستقبل کے حوالے سے خود فیصلہ سازی کو اہمیت دینی چاہیے۔












