لاہور(پاک ترک نیوز )پنجاب کے گورنر نے ایچی سن کالج انتظامیہ کو کالج پریفیکٹس اور کھیلوں و تعلیمی شعبوں میں دیگر طلبہ قیادتی عہدوں کے لیے میرٹ پر مبنی پالیسیز تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
پنجاب گورنر، جو ایچی سن کالج بورڈ آف گورنرز کے صدر بھی ہیں، نے 13 اگست کو کالج کے پرنسپل کو خط لکھا، جس میں کہا گیا کہ نئی پالیسی میں امیدواروں کی اہلیت، انتخاب کا طریقہ کار، مدت، ضابطہ اخلاق اور ذمہ داریاں واضح کی جائیں۔
گورنر نے تمام تقرریوں، انتخاب اور ترقی کے عمل میں شفافیت، انصاف اور یکسانیت یقینی بنانے پر بھی زور دیا، جبکہ ہاؤس ماسٹرز کی تقرری اور تدریسی و انتظامی عملے کی ترقی میں بھی میرٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بورڈ آف گورنرز کی منظوری کے بعد پالیسیز کالج کی ویب سائٹ اور سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی جاری کی جائیں۔
دوسری جانب ایچی سن کالج اولڈ بوائز ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا پر کالج سے متعلق گردش کرنے والے مبینہ الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
والدین نے کالج پریفیکٹس، ہیڈ بوائز اور ڈپٹی ہیڈ بوائز کی تقرریوں میں مبینہ اقربا پروری اور غیر منصفانہ طریقہ کار پر اعتراضات اٹھائے تھے۔
والدین کی جانب سے بعض طلبہ کے کم تعلیمی نمبروں کے باوجود قیادتی عہدوں پر تعیناتی اور غیر ملکی جامعات میں داخلوں کے لیے سفارشات پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔
تاہم اولڈ بوائز ایسوسی ایشن نے کہا کہ طلبہ قیادت، کالج اعزازات اور دیگر ایوارڈز کے لیے ایک باقاعدہ اور مضبوط میرٹ پر مبنی نظام موجود ہے۔
ایسوسی ایشن نے طلبہ کے نام عوامی سطح پر ظاہر کرنے کی بھی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے مستقبل اور ساکھ کو سوشل میڈیا پر تماشہ بنانا ناقابل قبول ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق غیر ملکی جامعات طلبہ کے داخلوں کے فیصلے صرف تعلیمی نمبروں کی بنیاد پر نہیں کرتیں بلکہ مضامین، معیاری ٹیسٹ، غیر نصابی سرگرمیوں، سفارشات اور دیگر عوامل کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔






