اسلام آباد(پاک ترک نیوز )وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کے تحت حج منظم کمپنیوں کو پیکجز فعال کرنے کے لیے آخری اور حتمی مہلت دے دی۔ ذرائع کے مطابق نجی حج آپریٹرز کو 31 اگست تک تمام مختص کوٹے کے مطابق حج پیکج کیٹیگریز حج مینجمنٹ سسٹم پر فعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 روز کے دوران 71 ہزار 684 کے نجی حج کوٹے میں سے صرف 54 عازمین کی بکنگ ہوسکی، جبکہ بکنگ کا تناسب صرف 0.1 فیصد رہا۔ نجی حج کوٹے کا 99.9 فیصد حصہ تاحال باقی ہے اور بکنگ کے لیے وقت بھی محدود رہ گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے حج منظم کمپنیوں کو خط کے ذریعے ہدایت کی ہے کہ تمام مختص کوٹے کے مطابق پیکج کیٹیگریز فوری طور پر فعال کی جائیں۔ تین روز میں ہدایت پر عمل نہ ہونے کی صورت میں غیر فعال حج کوٹہ ضبط کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق غیر فعال کوٹہ دیگر حج کمپنیوں کو منتقل کرنے یا اسے سرکاری حج اسکیم میں شامل کرنے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔
آئندہ سال پہلی مرتبہ عازمین وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ کے ذریعے نجی حج پیکجز کا انتخاب کرسکیں گے۔ ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج آپریٹرز کے لیے ویب سائٹ پر اپنے پیکجز مشتہر کرنا بھی ضروری ہوگا۔
پرائیویٹ حج اسکیم کے واجبات کی وصولی کا آغاز 23 اگست سے ہوا تھا۔ نجی اسکیم کے تحت 40 فیصد حج کوٹے کی 71 ہزار 684 نشستوں پر اخراجات وصول کیے جارہے ہیں۔






